May 09, 2024 | 08:13 am

محمد عامر کی آئرلینڈ کیخلاف شرکت مشکوک

رپورٹ: عبد الماجد بھٹی۔۔۔ پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے آئرلینڈ پہنچ چکی ہے مگر ویزہ مسائل کے سبب قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر ٹیم کے ہمراہ ٹریول نہیں کرسکے تھے۔

اس بارے میں ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد عامر کی آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں شرکت مشکوک نظر آرہی ہے اور اگر آج ویزہ نہ مل سکا تو عامر 15مئی کو لیڈز میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بتانا ہے کہ کاکول کیمپ کے اگلے دن عامر سمیت تمام کھلاڑیوں کے ویزے پراسس کردیئے تھے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ محمد عامر کو ویزہ نہ ملنے پر پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں بے چینی پائی جاتی ہے، محمد عامر کیس پر پی سی بی کرکٹ آئرلینڈ سے رابطے میں ہے۔

خیال رہے کہ محمد عامر کا کوئی متبادل آئر لینڈ نہیں جائے گا، اہم فاسٹ بولر کی عدم شرکت سے پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریاں متاثر ہوں گی۔ یاد رہے کہ محمد عامر2018میں آئر لینڈ میں ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشلز 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے جائیں گے۔