January 28, 2022 | 08:25 am

سلطانز کے تابڑ توڑ حملے، کنگز سنبھل ہی نہ سکے

sultans kay tabar toar hamly kings sanbhal hi na sakay
پاکستان سپر لیگ سیون کے افتتاحی میچ میں بابر اعظم کی کراچی کنگز کو محمد رضوان کی دفاعی چیمپئن کے ہاتھوں سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا۔

سلطانز کے تابڑ توڑ حملوں نے کنگز کو سنبھلنے نہ دیا۔ محمد عامر اور عماد وسیم کی عدم موجودگی میں کنگز پر سلطانز کا پلہ بھاری رہا۔

محمد رضوان نے مشکل پچ پر اچھا ٹاس جیتا اور پھر فائٹنگ اننگز کھیل کر پانسہ پلٹ دیا ۔ انہوں نے52ناقابل شکست رنز47گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔

ٹم ڈیوڈدس گیندوں پر12رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بابر اعظم پی ایس ایل میں کپتان کی حیثیت سے پہلے میچ کو یادگار نہ بناسکے۔ ان کا بیٹ سست روی سے رنز بناسکا ۔

نیشنل اسٹیڈیم کی سلو پچ پر بمشکل چوکے چھکے لگ سکے۔ 125رنز کے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور شان مسعود نے38رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ شان مسعود نے18گیندوں پر26رنز بنائے۔ صہیب مقصود نے دو چھکوں کی مدد سے31گیندوں پر30رنز اسکور کئے ۔ رائیلی روسو کی وکٹ محمد نبی کے حصے میں آئی وہ دو رنز بناسکے۔

قبل ازیں دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگزنے پانچ وکٹ پر124رنز بنائے۔ اس نے41 ڈاٹ گیندیں کھیلیں، کوئی بیٹسمین نصف سنچری نہ بنا سکا۔ بابر اعظم اور شرجیل خان نے 66رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن کپتان بابر جدوجہد کرتے رہے۔

شرجیل خان 31 گیندوں پر 3 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کرعمران طاہر کا شکاربن گئے۔ خوشدل شاہ کو چھکا مارنے کی کوشش میں بابر کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی جنہوں نے 29 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔ وہ ایک چوکا مار سکے۔

محمد نبی اور کلارک تیسری وکٹ پر 32 رنز کا اضافہ کیا تاہم عمران طاہر نے 10 رنز بنانے والے محمد نبی اور پھر ٹام لیمن بے صرف ایک رن پر آئوٹ کردیا ۔ جو کلارک نے ٹیم کو اچھے اسکور کی طرف لے جانے کی کوشش کی لیکن 18 ویں اوور کی پانچویں گیند پر وہ 26 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کی وکٹ بن گئے۔

مین آف دی میچ لیگ اسپنر عمران طاہر نے16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔ شاہ نواز ڈاھانی نے تین اوورز میں14اور خوش دل شاہ نے دو اوورز میں8رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔