January 26, 2022 | 03:43 pm

پشاور زلمی کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان، جیمز فوسٹر ہیڈ کوچ مقرر

peshawar zalmi ki janib sae team mangement ka elan james foster head coach muqarar
پاکستان سُپر لیگ کی کامیاب ٹیم پشاور زلمی نے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

پی ایس ایل 7 کے لیے جیمز فوسٹر کو پشاور زلمی کا ہیڈکوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ جیمز فوسٹر اس سے قبل زلمی کے ساتھ دو سال اسسٹنٹ کوچ کے طور پر منسلک رہے ہیں۔

پی ایس ایل 7 کے لیے ہاشم آملہ پشاور زلمی کے بیٹنگ کوچ ہوں گے جبکہ محمد اکرم ٹیم ڈائریکٹر اور باؤلنگ کوچ کے فرائض سر انجام دیں گے ۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق پشاور زلمی کے اعزازی صدر ہیں ۔

خیال رہے کہ ڈیرن سیمی پہلے مرحلے میں اپنی مصروفیات کے باعث دستیاب نہیں ۔

چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے مینجمنٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ کل سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہورہا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کل کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے ابتدائی میچ میں کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

علم میں رہے کہ کورونا کیسز کی وجہ سے کراچی میں 25 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔