November 04, 2026 | 02:22 pm

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں شاہین آفریدی اور فخر زمان کی ترقی

فوٹو: پی سی بی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ون ڈے رینکنگ میں بیٹرز، بولرز اور آلراؤنڈرز کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق متعدد کھلاڑیوں کی ترقی اور تنزلی ہوئی ہے۔

ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور بھارت کے ویرات کوہلی کا تیسرا نمبر ہے، پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم کی نویں پوزیشن برقرار ہے۔

سری لنکا کے پون رتھنائیکے 20 درجے بہتری کے بعد 16ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ پاکستان کے فخر زمان نے 9 درجے ترقی کرتے ہوئے 37ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

انگلینڈ کے ٹام بینٹن 15 درجے بہتری کے بعد 47ویں اور سری لنکا کے کامیندو مینڈس 14 درجے ترقی کے بعد 60ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ون ڈے بولرز رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے اور نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ایک درجے ترقی کی بدولت تیسرے نمبر کے بولر بن گئے ہیں۔

اسپنر ابرار احمد ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے ، شاہین آفریدی ایک درجے ترقی کی بدولت 5 ویں نمبر پر پہنچ گئے، حارث رؤف 5 درجے ترقی کے بعد 24ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے 28 درجے ترقی کرتے ہوئے 59ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاکستان کے عرفات منہاس3درجے تنزلی کے بعد 71ویں نمبر پر چلے گئے۔

ون ڈے آلراؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی کا تیسرا نمبر ہے۔