November 04, 2026 | 08:51 am

سعد بیگ کی قیادت میں سری لنکا سے 3 روزہ ٹیسٹ میچ کا آج سے آغاز

پیٹرنز الیون کے کپتان سعد بیگ گفتگو کرتے ہوئے / فوٹو گریب

سعد بیگ کی قیادت میں پی سی بی پیٹرنز الیون اور سری لنکا کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ آج سے اسلام آباد کلب گراؤنڈ میں شروع ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ مہمان ٹیم کا پہلے ٹیسٹ سے قبل یہ واحد پریکٹس میچ ہے۔ پیٹرنز الیون میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سات کھلاڑی شامل ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کی قیاد ت میں ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں سے عبداللہ فضل، علی عثمان، اذان اویس، محمد سلیمان، محمد طہٰ، محمد طیب عارف اور سمیر منہاس بھی اس تین روزہ میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

پیٹرنز الیون کے پیس اٹیک فاسٹ بولنگ لائن اپ میں محمد سلمان، شعیب اختر جونیئر، علی شبیر، ثاقب خان اور عبید شاہ شامل ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں پیٹرنز الیون کے کپتان سعد بیگ نے کہا کہ جب وائٹ بال سے ریڈ بال کے فارمیٹ پر آتے ہیں تو ایک مختلف مائنڈ سیٹ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا انداز یہی ہوتا ہے کہ اپنا گیم نیچرل رکھوں، ریڈ بال میں کھلاڑی کے پاس وقت ہوتا ہے اور وہاں کنڈیشن مختلف ہوتی ہیں۔

سعد بیگ نے کہا کہ ہماری تیاری اچھی ہے، بطور کپتان مجھے فخر محسوس ہورہا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی پیٹرنز الیون کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر نے کہا کہ جتنے بھی یہاں کھلاڑی ہیں وہ پہلے سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر آئے ہیں ان کے لیے یہ اچھا موقع ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اعجاز احمد جونیئر نے کہا کہ اس میچ سے کھلاڑیوں کو آگے کے لیے بہت فائدہ ہوگا کہ ان کو تیاری کے لیے اچھا موقع ملا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 9 نومبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہورہا ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔