November 04, 2026 | 08:23 am

وسیم اکرم نے 1992 کے اوول ٹیسٹ کی یادگار ویڈیو شیئر کردی، 34 سال پرانی یادیں تازہ

6 اگست 1992 کو اوول کے میدان پر وسیم اکرم انگلینڈ کے ڈیرک پرینگل کو بولڈ کرتے ہوئے / فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم نے انگلینڈ کے خلاف 1992 میں کھیلے گئے اوول ٹیسٹ میچ کی یادگار ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس میں انہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

وسیم اکرم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ 1992 کا اوول ٹیسٹ تھا، تقریباً 34 سال گزر چکے ہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کل کی بات ہو۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ کوئی کہہ دے کہ حساب کتاب غلط ہے۔

ان کی شیئر کردہ ویڈیو میں نیل میلینڈر کو آؤٹ کرنے کا منظر بھی شامل ہے،وہ صرف 8 گیندوں پر 4 رنز بنانے کے بعد وسیم اکرم کی گیند پر بولڈ ہوئے تھے۔

وسیم اکرم نے یہ ٹیسٹ میچ 6 سے 9 اگست 1992 کے دوران لندن کے تاریخی اوول گراؤنڈ میں کھیلا تھا، جس میں پاکستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔

اس ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 207 رنز بنائے۔ وسیم اکرم نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 67 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 380 رنز بنائے اور 173 رنز کی برتری حاصل کی۔ کپتان جاوید میانداد نے 59 نے رنز کی اننگزکھیلی تھی۔

انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 174 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ وسیم اکرم نے دوسری اننگز میں بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وقار یونس نے 52 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کو جیت کے لیے صرف 2 رنز کا ہدف ملا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا تھا۔ یوں پاکستان نے 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور وسیم اکرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کے بہترین بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر وسیم اکرم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جس میں 414 وکٹیں حاصل کیں۔