November 02, 2026 | 08:48 am

عرفات منہاس نے شاندار کارکردگی کا سہرا مثبت سوچ اور مسلسل محنت کو قرار دے دیا

لاہور: 31 اکتوبر 2026 کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز کے فائنل میچ کے دوران عرفات منہاس شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: قومی ٹیم کے اُبھرتے ہوئے نوجوان آلراؤنڈر عرفات منہاس نے شاندار کارکردگی کا سہرا مثبت سوچ اور مسلسل محنت کو قرار دے دیا۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے عرفات منہاس نے کہا کہ تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنا اعتماد میں اضافے کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی ہو یا ناکامی، محنت اور ٹریننگ کا معمول یکساں رکھتا ہوں، ہر میچ میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا میری ترجیح ہے۔

عرفات منہاس نے بتایا کہ فائنل میں جلد وکٹیں گرنے کے بعد حسن نواز کے ساتھ شراکت قائم کرنے پر توجہ تھی اور ہماری کوشش میچ کو آخری اوورز تک لے جانے کی تھی۔

اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے عرفات منہاس نے کہا کہ حسن نواز اور میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے اچھی طرح واقف تھے، ایک بڑے اوور نے میچ کا رخ ہمارے حق میں موڑ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ گیند تبدیل ہونے کے بعد بیٹنگ میں آسانی ہوئی، دباؤ میں اعصاب پر قابو رکھنا اور درست فیصلے کرنا اہم ہوتا ہے۔

نوجوان آلراؤنڈر نے کہا کہ مختلف فارمیٹس میں کامیابی کے لیے ذہنی تیاری بہت ضروری ہے، فارمیٹ کوئی بھی ہو، محنت اور نظم و ضبط کا معمول یکساں رہتا ہے، بڑے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے سے اضافی حوصلہ ملتا ہے۔

واضح رہے کہ عرفات منہاس نے تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے پانچ میچوں میں 149 رنز بنائے اور 9 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ، سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلی گئی تین ملکی سیریز میں عرفات منہاس نے فائنل میں 31 گیندوں پر 61 رنز کی اہم اننگز کھیلی، عرفات منہاس اور حسن نواز نے چھٹی وکٹ پر 94 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔