October 17, 2026 | 10:28 am

سابق بھارتی کرکٹر وسیم جعفر نے بی سی سی آئی میں اہم عہدے کیلئے درخواست دے دی

فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارت کے سابق اوپنر وسیم جعفر نے مینز کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کے خالی عہدے کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اجیت اگرکر کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد چیف سلیکٹر کا عہدہ خالی ہوا تھا۔

وسیم جعفر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے اس عہدے کے لیے درخواست دی ہے۔

علم میں رہے کہ 48 سالہ وسیم جعفر نے بھارت کی جانب سے 31 ٹیسٹ میچز میں پانچ سنچریوں کی مدد سے 1944 رنز بنائے۔ انہوں نے 2006 میں بھارت کی جانب سے صرف دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی جس میں اشوک ملہوترا اور جتن پرانجپے شامل ہیں، چیف سلیکٹر کے انتخاب کا فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ اگر وسیم جعفر کو اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا تو امیدواروں میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کی بنیاد پر انہیں سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا جاسکتا ہے۔

اس عہدے کے لیے درخواست دینے والوں میں سابق بھارتی اسپنر پراگیان اوجھا نے 24 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جبکہ دیگر سلیکٹرز میں آر پی سنگھ، اجے راتھرا اور شیو سندر داس شامل ہیں۔