October 16, 2026 | 09:11 am

محمد یوسف کی نوجوان بیٹرز کیلئے غیر ملکی بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کی تجویز

سابق کپتان محمد یوسف این سی اے کے دورے کے موقع پر عاقب جاوید اور منصور رانا کے ہمراہ / فوٹو پی سی بی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ سابق کپتان محمد یوسف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور کے دورے کے موقع پر محسن نقوی کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے اور کھلاڑیوں کی سہولیات کے لیے کئے جانے والے اقدامات کو سراہاجبکہ نوجوان بیٹرز کے لیے غیر ملکی بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کی تجویز دے دی۔

سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم محمد یوسف نے پی سی بی کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں کرکٹ کے فروغ، کھلاڑیوں کی تربیت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں اور جدید سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

سابق کپتان نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈیڑھ سال بعد ہونے والی مثبت تبدیلیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے جدید انفراسٹرکچر اور سہولیات کی فراہمی پر بہترین کام ہو رہا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کرکٹ کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور ان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ انہوں نے محسن نقوی کے ساتھ ڈیڑھ سال کام کیا ہے اور وہ کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ ان کی بھرپور معاونت سے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ان کی ٹیم کی جانب سے گراس روٹ کرکٹ کے فروغ کے لیے مرتب کیے گئے منصوبے کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 15، انڈر 17، انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کے پروگرامز قومی ٹیم کے لیے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

سابق کپتان نے سیالکوٹ اکیڈمی میں 30 انڈر 15 کھلاڑیوں کی 240 روزہ تربیت کے منصوبے کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی تکنیکی اور ذہنی تربیت مستقبل میں پاکستان کرکٹ کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔ گراس روٹ کرکٹ پر مسلسل توجہ دے کر پاکستان کرکٹ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتی ہے۔

محمد یوسف نے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کا دورۂ انگلینڈ پی سی بی کا بہترین اقدام ہے۔ نوجوان ٹیموں کو انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں زیادہ کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیے۔ انہوں نے سری لنکا کی انڈر 17 ٹیم کو پاکستان مدعو کرنے کے اقدام کو بھی مثبت قرار دیا۔

انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں مختلف کنڈیشنز کے مطابق پچز تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کے لیے بہتر انداز میں تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں باؤنس، سوئنگ اور اسپن کے لیے مختلف نوعیت کی پچز کی تیاری بہترین اقدام ہےجس سے بیٹرز اور بولرز دونوں کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔

محمد یوسف نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جدید ڈریسنگ رومز اور دیگر سہولیات کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بائیو مکینکس لیب کی اپ گریڈیشن سے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ جدید بولنگ مشینیں اور ویڈیو اینالیسز بھی کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی مسلسل تربیت، جدید سہولیات کی فراہمی، بین الاقوامی تجربے اور گراس روٹ کرکٹ پر توجہ کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ کا معیار بہتر بنایا جا سکتا ہے، جس سے مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ نوجوان کرکٹرز کی تیکنیک کو بہتر بنانے کے لیے غیر ملکی بیٹنگ کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں۔