October 15, 2026 | 08:29 am

بابراعظم آج اپنی 32 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم آج اپنی 32ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ 15 اکتوبر 1994 کو لاہور میں پیدا ہونے والے بابر اعظم نے اپنی عمدہ بیٹنگ، مستقل مزاجی اور ریکارڈ ساز کارکردگی کی بدولت عالمی کرکٹ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے سفر کا آغاز 2015 میں ون ڈے فارمیٹ سے کیا جبکہ 2016 میں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔

بابر اعظم نے اپنی تکنیک، کور ڈرائیو اور رنز بنانے کی مستقل صلاحیت کے باعث دنیا کے نمایاں بیٹرز میں جگہ بنائی۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں متعدد مرتبہ آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر بھی فائز رہے۔

قومی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بھی بابر اعظم نے کئی اہم مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور تینوں فارمیٹس میں کپتانی کے فرائض انجام دیے۔

واضح رہے کہ 18 اکتوبر سے شروع ہونے والی تین ملکی سیریز میں بابراعظم بھی ایکشن میں نظر آئیں گے اور شائقین کرکٹ کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ وہ آنے والے مقابلوں میں اپنی کارکردگی سے مزید کون سے سنگ میل عبور کرتے ہیں۔