October 13, 2026 | 12:19 pm

تین ملکی ون ڈے سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان

تین ملکی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا / فوٹو کولاج

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لاہور مرحلے کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کے مطابق لاہور مرحلے کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج دوپہر 3 بجے شروع ہوگی، جبکہ راولپنڈی اور لاہور میں ہونے والے میچز کے فزیکل ٹکٹ 14 اکتوبر کو دوپہر 3 بجے سے نجی کورئیر سینٹر سے دستیاب ہوں گے۔

تین ملکی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 25 سے 31 اکتوبر تک پانچ میچز کھیلے جائیں گے، جن میں فائنل بھی شامل ہے۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کے میچز کے ٹکٹوں کی قیمت 200 روپے سے شروع ہوگی جبکہ فائنل کے ٹکٹ 400 روپے سے دستیاب ہوں گے۔

ٹکٹوں کی خریداری کے حوالے سے پی سی بی نے بتایا کہ ایک شناختی کارڈ پر فی میچ زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹ خریدے جاسکیں گے۔

واضح رہے کہ تین ملکی سیریز میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم سیریز کے آخری مرحلے کی میزبانی کرے گا۔