October 13, 2026 | 09:25 am

جوز بٹلر نے اپنی انجری سے متعلق اپڈیٹ فراہم کردی

لندن: انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جوز بٹلر نے بائیں ٹانگ کی ہیمسٹرنگ انجری کی سرجری کے بعد مکمل فٹنس حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

36 سالہ جوز بٹلر گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے، وہ 24 ستمبر کو ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے انجرڈ ہوگئے تھے۔

جوز بٹلر نے سوشل میڈیا پر اسپتال سے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سرجری کامیاب رہی ہے اور اب وہ صحت یابی کے سفر پر ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پہلے سے کہیں زیادہ پُرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ انجری کے باعث جوز بٹلر پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی ون ڈے سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ 

تین ملکی ون ڈے سیریز کے لیے انگلش ٹیم 16 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچے گی جبکہ انگلش ٹیم کی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم 15 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔

تینوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

دورہ پاکستان کے لیے انگلش اسکواڈ ہیری بروک کی قیادت میں گس اٹکنسن، سونی بیکر، ٹام بینٹن، جیمز کولز، جارڈن کوکس، میسن کرین، ہینری کوروکومبے، سیم کرن اور لائم ڈاسن اسکواڈ میں شامل ہیں۔

ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں بین ڈکٹ، ول جیکس، جیم اوورٹن، عادل رشید، جو روٹ اور جوش ٹنگ 16 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔