October 08, 2026 | 10:05 am

بی جے واٹلنگ نیوزی لینڈ کے بیٹنگ کوچ مقرر

فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کرکٹ نے سابق وکٹ کیپر بیٹر بی جے واٹلنگ کو قومی ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا۔

بی جے واٹلنگ موجودہ بیٹنگ کوچ لیوک رونچی کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جن کی مدت بھارت کے خلاف دسمبر کے آغاز میں ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے بعد مکمل ہوگی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق بی جے واٹلنگ 16 نومبر کو ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کا حصہ بنیں گے اور لیوک رونچی کے ساتھ کچھ عرصہ عبوری مرحلے میں کام کریں گے، جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچز کی سیریز سے وہ باضابطہ طور پر بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

بی جے واٹلنگ نے نئی ذمہ داری ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیم کے ساتھ دوبارہ کام کرنا ان کے لیے خاص موقع ہے اور وہ عالمی معیار کی ٹیم میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ہائی پرفارمنس آفیسر ڈیرل گبسن نے کہا کہ واٹلنگ کے پاس کوچنگ کا تجربہ اور موجودہ اسکواڈ کے کئی کھلاڑیوں کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔