October 03, 2026 | 03:21 pm

ایشین گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کو شکست دیکر کانسی کا تمغہ جیت لیا

فوٹو بشکریہ پی ایچ ایف

جاپان میں جاری 20ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

فو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں کھیلا گیا برانز میڈل میچ دلچسپ و سنسنی خیز رہا پاکستان نے آخری کوارٹر میں تین گول کرکے نہ صرف مقابلہ برابر کیا بلکہ تین کے مقابلے میں پانچ گول سے کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان ہاکی ٹیم نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا۔ چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے تین گول اسکور کئے، اس کوارٹر میں دو گول رانا وحید نے کئے۔

جنوبی کوریا نے چوتھے کوارٹر میں گول کیپر کو بُلا کر اٹیکنگ گیم کھیلنے کی حکمت عملی بنائی مگر اُن کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔

پاکستانی ٹیم نے اس کا فائدہ اُٹھایا اور کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل حنان شاہد نے گول کرکے پاکستان کو پانچ تین کی برتری دلادی۔

پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے کھیل کے چوتھے منٹ پر گول کیا، عبد الرحمان نے 30ویں منٹ، رانا وحید نے 52ویں اور 54ویں منٹ اور حنان شاہد نے 59ویں منٹ میں گول کئے، جنوبی کوریا کی جانب سے لی گانگسن، کم یونگ بوک اور ینگ جیہن نے گول اسکور کیے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اس شاندار کامیابی پر قومی ہاکی ٹیم، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم مستقبل میں بھی پاکستان کا نام روشن کرتی رہے گی۔