October 01, 2026 | 10:28 am

ایشین گیمز: مائیک ہیسن فائنل میں پہنچنے پر ٹیم کی پرفارمنس سےمطمئن

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ جاپان میں جاری ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلوں میں پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

قومی ٹیم کی اس کامیابی پر پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ کافی دنوں سے ہوٹل میں رہنے کے بعد کھیل کر اچھا لگا۔

گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ کو فی اننگز 13 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا اس بارے میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ میچ دیر سے شروع ہوا، 13 اوورز کا کھیل ہمیشہ ہی مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بولنگ میں ہم نے اچھا پرفارم کیا، فیلڈنگ بھی ٹھیک تھی، مگر بیٹنگ میں پریشر میں آنے کے بعد جس طرح میچ ختم کیا وہ شاندار تھا۔

بنگلا دیش کے خلاف 27 رنز بنانے والے حسن نواز اور 30 رنز اسکور کرنے والے بیٹر عبد الصمد کے بارے میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ دونوں نے اچھا پرفارم کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایشین گیمز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جو 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔