September 09, 2026 | 02:31 pm

برمنگھم ٹیسٹ: انگلینڈ کا ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے 3 کھلاڑی ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں، غازی غوری، رضا اللہ اور عمران رندھاوا کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایاگیا ہے۔

عمران رندھاوا، رضا اللہ اور غازی غوری۔ فوٹو کرک انفو

غازی غوری کو سعود شکیل نے ٹیسٹ کیپ دی جبکہ محمد عباس نے رضا اللہ اور عمران رندھاوا کوبابراعظم نے ٹیسٹ کیپ دی۔

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بابراعظم کی قیادت میں اذان اویس، صائم ایوب، عبد اللہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضااللہ، محمد علی اور محمد عباس پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 103 رنز سے شکست اٹھانی پڑی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں 194 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستان ٹیم کو اب ایجبسٹن کے میدان پر وائٹ واش سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اوے سیریز کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں پاکستان کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد پی سی بی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ٹیم کی ذمہ داریوں سے الگ کردیا ہے۔

پی سی بی نے انگلینڈ میں کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی کے بعد 7 کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ سے باہر کردیا ہے جبکہ امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف سخت ایکشن لیے جانے کا بھی امکان ہے۔