September 05, 2026 | 10:19 am

ویمنز ایشیا کپ: بھارتی ٹیم کے ایشیا کپ جیتنے پر محسن نقوی سے ٹرافی لینے کا معاملہ زیرِ بحث

فائل فوٹو

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ 2026ء کے فائنل کے موقع پر دبئی جائیں گے۔

اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اے سی سی صدر محسن نقوی فائنل کے بعد انعامات تقسیم کریں گے اور ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ جیت کی صورت میں بھارتی ویمن ٹیم اےسی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرے گی یا نہیں اس پر بحث شروع ہوگئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اے سی سی کے صدر محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ کے فائنل کے موقع پر دبئی جائیں گے جہاں وہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ایشیا کپ جیتنے والی بھارتی مینز ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی اور بھارتی ٹیم کے ٹرافی وصول نہ کرنے کی وجہ سے تنازعہ کھڑا ہوا، بھارتی ٹیم کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کے ٹرافی وصول نہ کرنے کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا گیا۔ ویمنز ایشیا کپ کا فائنل 13 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔