September 02, 2026 | 08:37 am

محسن نقوی ٹیم کے سینئراور تجربے کار کھلاڑیوں کی پرفارمینس سے انتہائی مایوس

رپورٹ: سید یحیی حسینی۔۔۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ٹیم کے سینئراور تجربے کار کھلاڑیوں کی پرفارمینس سے انتہائی مایوس ہیں اور انہوں نے تھنک ٹینک کو جونیئر کھلاڑیوں پر فوکس کرنے کی ہدایت کردی ہیں۔

دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن پرفارمینس اور ہنگامی اقدامات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت ہیڈلائنز میں ہے،وکٹ کیپر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو پاکستان روانہ کئے جانے پر پاکستان کرکٹ کے حلقوں میں قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کےسینئر اور تجربے کار کرکٹرز کی کارکردگی سے انتہائی مایوس دکھائی دے رہے ہیں، 2024آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شکست کے بعد سرجری کی بات کر کے انہوں نے ایک بار پھر انہی کھلاڑیوں کو موقع دیا لیکن ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پانچ دن میں نیوزی لینڈ اور بھارت سے شکست کے بعد پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوگئی۔

2025 ایشیا کپ میں ٹیم دبئی میں بھارت سے تین مسلسل میچ ہار گئی،پھر 2026 آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی ٹیم پہلے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکی۔اب دورہ انگلینڈ میں پہلے لیڈز ٹیسٹ میں اننگز اور 103 رنز سے شکست اور لارڈز میں194 رنز سے ہارنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ انتہائی فیصلوں کے ساتھ اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

دورہ انگلینڈ کے دوران وکٹ کیپر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو ہنگامی بنیادوں پر پاکستان واپس بلایا گیا،ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد بولنگ کوچ عمر گل کی چھٹی کے ساتھ پانچ اور کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔

چیئر مین پی سی بی سید محسن رضا نقوی آئندہ چند روز میں مزید سخت فیصلے کر نے سے متعلق مشاورت کر رہے ہیں ،فروری 2024 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے والے سید محسن رضا نقوی قومی ٹیم کے سینئر اور تجربے کار کھلاڑیوں کی کارکردگی سے انتہائی مایوس ہیں اور مستقبل میں نوجوان اور جونیئر کھلاڑیوں کو آگے لانے کے خواہش مند ہیں ،جو مستقبل میں ٹیم کی باگ ڈور سنبھال سکیں۔

اس سلسلے میں چیئر مین نے مستقبل میں انڈر 19 اور جونیئر کرکٹرز کو زیادہ سے زیادہ مواقعوں کے ساتھ مکمل اعتماد دینے کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کی ہیں ،ساتھ ہی سلیکشن کے معاملات میں شفافیت کے ساتھ آزمائے ہوئے اور تجربے کار کھلاڑیوں کو ناکامی کے بعد دوبارہ موقع نہ دینے کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔