August 31, 2026 | 10:33 am

امام الحق کی نئی انجری پر سوالیہ نشان، ’جعلی انجری‘ کی پرانی رپورٹ نے معاملہ گرم کردیا

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق کی انگلینڈ میں حالیہ انجری کے معاملے نے ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیے ہیں کیونکہ ان کی انجری سے متعلق ماضی کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی انکوائری کمیٹی نے مارچ 2025 میں نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران امام الحق کو جعلی انجری بتانے کا ذمہ دار قرار دیا تھا لہٰذا ماضی کے اس واقعہ کے باعث پی سی بی ایک بار پھر امام الحق کی حالیہ انجری کی بھی تحقیقات کرے گا۔

28 مارچ 2025 کو انڈور نیٹ سیشن میں امام الحق کے دائیں پاؤں کے انگوٹھے پر گیند لگی تھی اور ایکس رے میں امام الحق کے انگوٹھے میں فریکچر یا ہڈی کے اپنی جگہ سے ہٹنے کے شواہد نہیں ملے تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ میڈیکل ٹیم کی ہدایت کے باوجود امام الحق مبینہ طور پر افطار کے لیے تقریباً 500 میٹر پیدل گئے جس کے بعد ا نہوں نے انگوٹھے پر شدید درد اور سیاہ پڑنے کی شکایت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ٹیم ڈاکٹر نے مخصوص کیمیکل والے پیپر سے انگوٹھا صاف کیا تو مبینہ سیاہ نشان صاف ہوگیا، پی سی بی کمیٹی کے مطابق انگوٹھے سے صاف ہونے والا سیاہ مادہ قدرتی خون کا نشان نہیں بلکہ سیاہی یا مارکر تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق نے کمیٹی کے سامنے انگوٹھے پر سیاہی یا کسی مصنوعی مادے کے استعمال سے انکار کیا تھا مگر کمیٹی نے امام الحق کی وضاحت کو طبی شواہد، ایکسرے اور انگوٹھے کی ظاہری حالت سے متصادم قرار دیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم حکام کے مطابق امام الحق نگرانی میں لنگڑاتے جبکہ نظروں سے اوجھل ہونے پر معمول کے مطابق چلتے دکھائی دیے، پی سی بی انکوائری کمیٹی نے متفقہ طور پر قرار دیا کہ امام الحق کو پہلے ون ڈے کے لیے اَن فٹ قرار دینے کی کوئی طبی بنیاد نہیں تھی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے امام الحق کو انجری کی علامات جعلی بنانے، انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور طبی عملے کو گمراہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور کمیٹی کے مطابق امام الحق نے جان بوجھ کر خود کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے سے باہر رکھنے کی کوشش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے امام الحق پر تمام فارمیٹس اور تمام سطحوں پر پاکستان کی نمائندگی سے پابندی کی سفارش کی تھی، کمیٹی نے اس حرکت کو دانستہ، پہلے سے طے شدہ اور دھوکہ دہی پر مبنی قرار دیا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ سابقہ تنازعے میں یہ الزام بھی سامنے آیا تھا کہ امام الحق نیوزی لینڈ کی تیز اور مشکل پچز پر اوپننگ سے بچنا چاہتے تھے۔ امام الحق کے تازہ انجری دعوے کے بعد 2025 کی انکوائری رپورٹ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔