August 17, 2026 | 10:22 am

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز، جیمی اسمتھ فارم کی بحالی کے لیے پُرامید

فائل فوٹو

انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر جیمی اسمتھ نے پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں بیٹنگ فارم کی بحالی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جیمی اسمتھ نے کہا کہ گزشتہ 6 سے 9 ماہ ان کے لیے چیلنجنگ رہے اور وہ اپنی کارکردگی سے کچھ مایوس بھی ہوئے، تاہم ان کا ماننا ہے کہ ان تجربات سے وہ مستقبل میں ایک بہتر کھلاڑی بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آخری اننگز جیسی کارکردگی پاکستان کے خلاف بھی دہرانے کی کوشش کریں گے تاکہ مزید کامیابی حاصل کی جاسکے۔

جیمی اسمتھ اپنی وکٹ کیپنگ میں بہتری کے لیے انگلینڈ کی سابق عظیم وکٹ کیپر سارہ ٹیلر کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

اسمتھ نے سارہ ٹیلر کو شاندار کوچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرنے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور وکٹ کیپنگ میں ہونے والی یہ بہتری ایک طویل مدتی منصوبے کا حصہ ہے۔

پاکستان کے خلاف سیریز جیمی اسمتھ کے لیے اپنی فارم اور وکٹ کیپنگ صلاحیتوں کو منوانے کا ایک اور اہم موقع ہوگی۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے تحت پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے ہیڈنگلے میں شروع ہوگا۔