August 05, 2026 | 09:21 am

عبداللہ شفیق کی تاریخی اننگز نے 49 سال بعد ویسٹ انڈیز میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

پاکستانی اوپنر عبد اللہ شفیق نے اپنی یادگار اننگز کے دوران 15 چوکے اور 3 چھکے لگائے / فوٹو پی سی بی

پورٹ آف اسپین: پاکستان کے اوپنر عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار 160 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر 49 برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا اور 1977 کے بعد ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ میچ کے دوران 150 سے زائد رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔

کوئنز پارک اوول میں جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 160 رنز بنائے، جس کی بدولت پاکستان نے پہلی اننگز میں 387 رنز اسکور کیے اور ویسٹ انڈیز پر 43 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

عبداللہ شفیق ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوران 150 سے زائد رنز بنانے والے پاکستان کے پانچویں بیٹر بنے، جبکہ اس سے قبل یہ کارنامہ آخری بار 1977 میں ماجد خان نے گیانا میں 167 رنز کی اننگز کھیل کر انجام دیا تھا۔

پاکستانی اوپنر عبد اللہ شفیق نے اپنی یادگار اننگز کے دوران 15 چوکے اور 3 چھکے لگائے اور ویسٹ انڈیز کے بولرز کو پورے دن پریشان کیا۔

دوسری جانب پاکستان کے آف اسپنر ساجد خان نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں 4 اہم وکٹیں حاصل کرکے میزبان ٹیم کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے تھے۔

میزبان ٹیم مشکلات کا شکار ہے تاہم ویسٹ انڈیز کے بولنگ کوچ روی رامپال اب بھی اپنی ٹیم کی واپسی کے لیے پرامید ہیں اور کہتے ہیں کہ اگر ویسٹ انڈیز کسی طرح پاکستان کے لیے 150 رنز کے قریب ہدف مقرر کرنے میں کامیاب ہو جائے تو ان کے پاس میچ جیتنے کا اچھا موقع ہوگا۔