August 04, 2026 | 10:07 am

گولڈ میڈل پاکستانی عوام کے نام کرتا ہوں: تائیکوانڈو کھلاڑی احسان محسود

پاکستانی تائیکوانڈو کھلاڑی احسان محسود نے تھائی لینڈ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

تھائی لینڈ میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں احسان محسود نے سری لنکا کے حریف کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔

احسان محسود نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز پہلے راؤنڈ میں قازقستان کے کھلاڑی کو شکست دے کر کیا جبکہ سیمی فائنل میں انہوں نے بھارتی کھلاڑی کو ہراتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

گولڈ میڈل جیتنے کے بعد جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسان محسود نے کہا کہ وہ چیمپئن شپ میں کامیابی کے لیے دعاؤں اور حوصلہ افزائی پر پوری قوم کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنا گولڈ میڈل پاکستانی عوام کے نام کرتا ہوں۔

دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی آصف محسود نے احسان محسود کی کامیابی کو پاکستان اور وزیرستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی آصف محسود نے احسان محسود کے لیے نوکری دینے کا بھی اعلان کیا۔