July 20, 2026 | 08:25 am

فیفا ورلڈ کپ: اسپین نے ارجنٹینا کو شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا

ارجنٹینا کو فائنل میں شکست دیکر اسپین دوسری بار فٹبال کا عالمی چیمپئن بن گیا / فاٹو رائٹرز

اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

نیویارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میچ کے پہلے ہاف کی ابتدا میں اسپین کی ٹیم چھائی رہی، اسپین نے دفاعی چیمپئن ٹیم کے گول پر کئی حملے کیے لیکن سبقت حاصل نہ کرسکی۔

اس ہاف میں اسپین کا دفاع اتنا مضبوط رہا کہ ارجنٹینا کو حریف ٹیم کے گول پر ایک بھی شاٹ لگانے کا موقع نہ مل سکا اور وقفے پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف میں بھی یہی صورتحال رہی ،کھیل کا مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل اسپین کے کھلاڑی پر فاؤل کرنے کے سبب ارجنٹینا کے فرنانڈس کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا جس کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم کو بقیہ وقت میں 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔

ارجنٹینا کی ٹیم اس ہاف میں بھی اسپین کے گول کی جانب ایک شاٹ بھی نہیں لگاسکی اور کھیل کا ریگولر ٹائم بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا۔

اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، پھر آیا اضافی وقت کا دوسرا اور فیصلہ کن ہاف جس کی ابتدا میں ہی اسپینش کھلاڑی فیرن ٹوریس کو گول کرنے کا موقع مل گیا جو انہوں نے ضائع نہیں کیا اور اسپین کو دوبارہ دنیا کی نمبر ایک فٹبال ٹیم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے کی قیادت میں اسپین نے اپنی تاریخ کا دوسرا فیفا ورلڈ کپ ٹائٹل جیت لیا، جبکہ 2010 کے بعد پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

خسارے میں جانے کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کی بہت کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہوسکے اور یوں دفاعی چیمپئن ٹیم ایک صفر سے شکست کے نتیجے میں اعزاز برقرار نہ رکھی سکی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی فٹبال چیمپئن اسپین کو ٹرافی اور کھلاڑیوں کو ایوارڈز دیے۔

مزید خبریں