July 17, 2026 | 01:55 pm

آئی سی سی نے محمد نواز کو اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پرسزا سنا دی

فائل فوٹو

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپن بولنگ آل راؤنڈر محمد نواز نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا قبول کر لی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 32 سالہ محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ 7 فروری 2026 کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ کے بعد لیا گیا تھا، جس میں ان کے نمونے میں ممنوعہ چیز کی موجودگی پائی گئی۔

آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے مطابق 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ اور اس کے بعد یکم مئی 2026 تک محمد نواز کے تمام میچز کی کارکردگی اور ریکارڈز بھی ڈس کوالیفائیڈ قرار دے دیے گئے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق محمد نواز نے اعتراف کیا کہ یہ ممنوعہ چیز کھیل سے باہر استعمال کی گئی تھی اور اس کا کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

آئی سی سی نے انہیں تین ماہ کے لیے نااہل قرار دیا ہے تاہم یہ سزا یکم مئی 2026 سے مؤثر سمجھی جائے گی جب انہوں نے رضاکارانہ طور پر عارضی معطلی اختیار کی تھی۔

آئی سی سی کے مطابق اگر محمد نواز ممنوعہ چیز کے استعمال سے متعلق ری ہیب پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو ان کی نااہلی کی مدت تین ماہ سے کم ہو کر ایک ماہ تصور کی جائے گی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ محمد نواز نے سزا قبول کرتے ہوئے بحالی پروگرام میں شرکت پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے جس کے بعد ڈھائی ماہ کی معطلی مکمل ہونے پر ان کی عارضی معطلی ختم کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں