July 16, 2026 | 08:16 am

فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لیا

ارجنٹینا نے اپنی تاریخ کے ساتویں ورلڈ کپ فائنل میں بھی جگہ بنا لی / فوٹو رائٹرز

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسرے ورلڈ کپ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

دوسرے ہاف کے 55ویں منٹ میں انتھونی گورڈن نے شاندار فنش کے ذریعے انگلینڈ کو برتری دلائی اور اپنی ٹیم کو 1-0 سے آگے کر دیا۔

جس کے بعد ارجنٹینا نے بھی انگلینڈ کے خلاف گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا، ارجنٹینا کی جانب سے  اینزو فرنانڈس نے 85ویں منٹ میں اسکور کیا۔

میچ کے اختتامی مراحل میں ارجنٹینا کی جانب سے دوسرا گول مارٹینز نے اسکور کیا اور ٹیم کو 1-2 کی برتری دلاتے ہوئے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

اس فتح کے ساتھ ارجنٹینا نے نہ صرف انگلینڈ کا 60 برس بعد ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کر دیا بلکہ اپنی تاریخ کے ساتویں ورلڈ کپ فائنل میں بھی جگہ بنا لی۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اتوار کو ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ فرانس سے ہفتے کی شب ہوگا۔

مزید خبریں