July 15, 2026 | 10:39 am

قومی کرکٹرز کیلئے طویل دورانیے کے کیمپس میں پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار

عاقب جاوید جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ قومی کرکٹرز کے لیے پیڈل اسپورٹس کی سہولت نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں قائم کر دی گئی ہے ۔

این سی اے کی جانب سے قائم کی گئی پیڈل اسپورٹس کی سہولت کے بعد اب قومی کرکٹرز کو اب دور نہیں جانا پڑتا بلکہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ وہ پیڈل اسپورٹس کا شوق بھی پورا کر سکتے ہیں اور اپنی فٹنس کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے جیو نیوز کو بتایا کہ پیڈل اسپورٹس کھیلنے میں آسان اور فٹنس کے لیے مفید ہے، یہ گیم شوق سے کھیلی جاتی ہے ، پہلے کھلاڑی اسے کھیلنے کے لیے دور جاتے تھے اب ایسا نہیں ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو طویل کیمپس کے دوران ایسا ماحول اور سہولیات دیں جس سے ان کا کھیل بہتر ہو۔

پی سی بی نے این سی اے میں پیڈل کورٹ قائم کردیا جہاں نسیم شاہ ایکشن میں نظر آرہے ہیں / فوٹو رپورٹر

ان کا کہنا ہے کہ طویل کیمپ میں ضروری نہیں ہے کہ کھلاڑی صرف کرکٹ کھیلیں ، پیڈل اسپورٹس ہر دوسرے روز کھیلنا لازمی ہے ، 40 منٹ تک کھلاڑی اسے کھیل سکتے ہیں، اس کھیل سے فٹنس تو بہتر ہو گی ، موومنٹ کی وجہ سے فیلڈنگ سے اس کا سو فیصد تعلق ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ باسکٹ بال کورٹس بھی پلان کا حصہ ہیں ، باسکٹ بال کھیلنے سے بھی کرکٹرز کو فائدہ ہو گا ، کرکٹرز کے گیم روم بھی بنا رہے ہیں جہاں اسنوکر سمیت دیگر کھیل ہوں گے دنیا بھر کے کھلاڑی صرف اپنا کھیل ہی نہیں کھیلتے بلکہ دیگر کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔

مزید خبریں