July 10, 2026 | 08:13 am

فیفا ورلڈکپ 2026: فرانس نے مراکش کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

فرانسیسی ٹیم  مسلسل تیسری مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی / فوٹو رائٹرز

فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

کپتان ایمباپے اور ڈیمبیلے کی عمدہ کارکردگی کی بدولت فرانس نے مراکش کو شکست دے کرفیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کرلیا۔

میچ کے آغاز سے ہی فرانسیسی ٹیم چھائی رہی۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن اگلے ہاف میں 6 منٹ میں فرانسیسی ٹیم نے 2 گول کرکے میچ اپنے نام کیا۔

بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل کا آغاز انتہائی شاندار تھا۔ فرانسیسی ٹیم نے مراکش کے گول پر کئی حملے کئے۔ ایمباپے کو ڈی میں گرانے پر فرانس کو پینلٹی ملی لیکن ایمباپے کی لگائی ہوئی ہٹ کو مراکش کے گول کیپر نے بآسانی روک لیا۔

دوسرے ہاف میں بھی فرانسیسی ٹیم نے مراکش کےگول پر کئی حملے کئے بلآخر 60ویں منٹ میں ایمباپے نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلولائی اور 66ویں منٹ میں ڈیمبیلے نے خوبصورت گول کرکے فرانس کی برتری ڈبل کردی۔

82ویں منٹ میں مراکش کو فری کک ملی جسے فرانسیسی گول کیپر نے خوبصورتی سے ناکام بنایا۔

اسی دوران مراکش کو گول کرنے کا ایک اور موقع ملا لیکن اس کے کھلاڑی کی کوشش بھی ناکام رہی۔

یوں فرانس کی ٹیم 0-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل تیسری مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ سیمی فائنل میں فرانس کا مقابلہ بیلجیئم اور اسپین کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔