July 08, 2026 | 09:06 am

بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹی 20 میں بھاری مارجن سے شکست

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کے خلاف بھارتی ٹیم صرف 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں پانچ میچوں کی سیریز میں میزبان انگلینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

ناٹنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا انتخاب کیا جس کے جواب میں انگلش بیٹرز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

انگلش اوپننگ بیٹر فل سالٹ نے 44 گیندوں میں 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 70 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ سیم کرن 41 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

بھارت کی جانب سے ہرشت رانا اور پرنس یادو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اکثر پٹیل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹرز جوش ٹنگ اور جوفرا آرچر کی شاندار بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکے اور ٹیم 12ویں اوور میں صرف 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں انگلش ٹیم نے میچ 125 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3 شکار کئے جبکہ جوش ٹنگ نے 4 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کیا، عادل رشید اور ول جیک نے بالترتیب 2 اور 1 وکٹ اپنے نام کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انگلینڈ نے 4 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا تھا۔ سیریز کا چوتھا میچ 9 جولائی اور آخری ٹی ٹوئنٹی 11 جولائی کو کھیلا جائے گا جس کے بعد 3 ون ڈے میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

مزید خبریں