July 03, 2026 | 10:27 am

محسن نقوی کا سعودی عرب میں کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ

محسن نقوی جدہ میں شہزادہ سعود کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے / فوٹو بشکریہ سعودی کرکٹ

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے ہمراہ جدہ میں قائم کنگ فہد عبدالعزیز یونیورسٹی میں کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف سیکشنز کا جائزہ لیا، انکلوژرز کا معائنہ کیا اور مجوزہ تبدیلیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

محسن نقوی اور چیئرمین سعودی کرکٹ جدہ میں اسٹیڈیم کا معائنہ کرتے ہوئے / فوٹو ایکس سعودی کرکٹ

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو اسٹیڈیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس اسٹیڈیم سے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ میں بہت مدد ملے گی اور جلد یہاں بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد ممکن ہو گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سعودی عرب کے کرکٹ کے شاندار سفر میں اپنا حصہ ڈالنا ایک بڑا اعزاز ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ہیں جس کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

ایم او یو کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی ترقی، آپریشنل معیارات، استعداد کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔