July 03, 2026 | 08:21 am

فیفا ورلڈ کپ: اسپین نے آسٹریا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

اسپین نے فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں 2010 کے عالمی ٹائٹل کے بعد پہلی فتح حاصل کی / فائل فوٹو

فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32میں اسپین نے آسٹریا کو تین صفر سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل  (راؤنڈ آف 16) میں جگہ بنالی۔

لاس اینجلس میں کھیلے گئے اس میچ میں مقابلہ یکطرفہ رہا جس میں اسپین کی ٹیم کا گیند پر قبضہ 65 فیصد رہا۔

آسٹریا کے خلاف اسپین کی اسکورنگ کا آغاز پہلے ہاف کے 36ویں منٹ میں ہوا جب اویار زبال نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی، وقفے پر مقابلہ ایک صفر تھا۔

دوسرے ہاف میں بھی اسپینش ٹیم آسٹرین ٹیم کے گول پر مستقل حملہ آور رہی جس کے نتیجے میں 66ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے ٹیم کے لیے دوسرا گول کردیا۔

کھیل کا مقررہ وقت ختم ہونے سے ایک منٹ قبل اویارزبال نے ٹیم کا تیسرا اور اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔

تین صفر کی فتح کے ساتھ اسپین نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، اسپین کی ٹیم 2010 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلا ناک آؤٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

 اسپین اب 6 جولائی کو ڈیلاس میں پری کوارٹر فائنل میں پرتگال اور کروشیا کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گا۔