July 02, 2026 | 10:47 am

پی سی بی کا جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان

محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں / فوٹو پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد پی سی بی نے جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں۔

اس اہم پیش رفت کے حوالے محسن نقوی نے آگاہ کیا کہ جدہ میں ایک جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنایا جائے گا جو بین الاقوامی مقابلوں کے تمام تقاضے پورے کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پی سی بی اور ایس اے سی ایف کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی اور آپریشنل معیارات کے شعبوں میں مل کر کام کریں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی کرکٹ میں حصہ ڈالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور ہم ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعلق کو مزید مضبوط بنائے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا، سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے علاوہ کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

دوسری جانب چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

مزید خبریں