July 01, 2026 | 01:24 pm

بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان وائٹ بال سیریز کے امکانات روشن

بھارت کا دورۂ بنگلا دیش گزشتہ برس شیڈولڈ تھا مگر سفارتی صورتحال کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا / فائل فوٹو

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورۂ بنگلا دیش کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حالیہ پیش رفت کی روشنی میں بھارتی ٹیم کے وائٹ بال سیریز کے لیے بنگلا دیش جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش بورڈ (بی سی بی) نے سیریز کے ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا رائٹس کی فروخت کے لیے پیشکشیں طلب کرلی ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی سی بی نے 2026 اور 2027 کی ہوم انٹرنیشنل سیریز کے لیے پیشکشیں طلب کی ہیں جس میں بھارت سے سیریز کا خاص طور پر ذکر ہے۔

بی سی بی نے جن سیریز کے لیے پیشکشیں طلب کی ہیں اس میں پاکستان کے ساتھ ہوم سیریز بھی شامل ہے اور طلب کی جانے والی پیشکشوں میں 2027 میں پاکستان کے ساتھ 5 ون ڈے میچز کی سیریز شامل ہے۔

میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے بورڈز نے سیریز کے حوالے سے پیش رفت پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ بھارت کا دورۂ بنگلا دیش گزشتہ برس شیڈولڈ تھا مگر سفارتی صورتحال کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔

علم میں رہے کہ بھارتی ٹیم کے دورۂ بنگلا دیش میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔