July 01, 2026 | 08:29 am

ارلنگ ہالینڈ کے فیصلہ کن گول سے ناروے پہلی بار ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

ناروے کا مقابلہ پری کوارٹر فائنل میں 5 جولائی کو نیویار ک میں برازیل سے ہوگا / فوٹو رائٹرز

فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ 32 میں ڈیلاس اسٹیڈیم میں ناروے اور آئیوری کوسٹ کے درمیان میچ کھیلا گیا۔

اسٹار اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ کے فیصلہ کن گول کی بدولت ناروے نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں آئیوری کوسٹ کو 1-2 سے شکست دے کر 1998 کے بعد پہلی بار پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

کھیل کے پہلے ہاف میں ناروے کی جانب سے پہلا گول انتونیو نوسا نے 39 ویں منٹ پر کرتے ہوئے ٹیم کو پہلی برتری دلا دی جو رواں ورلڈ کپ میں ان کا پہلا گول تھا۔

آئیوری کوسٹ کی جانب سے دوسرے ہاف میں اماد دیالو نے 74 ویں منٹ پر اسکور 1-1 سے برابر کر دیا مگر کھیل کے آخری لمحات میں ارلنگ ہالینڈ نے 86 ویں منٹ پر گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو 1-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

واضح رہے کہ ارلنگ ہالینڈ کا یہ رواں ورلڈ کپ میں پانچواں جبکہ ناروے کے لیے مجموعی طور پر 60 واں بین الاقوامی گول تھا۔

اس کامیابی کے ساتھ ناروے نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں 5 جولائی کو نیویارک/نیو جرسی میں اس کا مقابلہ برازیل سے ہوگا۔