June 29, 2026 | 09:44 am

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے میچ فیس میں اضافے کی منظوری

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 84واں اجلاس ہوا۔

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 84واں اجلاس ہوا جس میں نئے مالی سال 27 -2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔

بی او جی اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے میچ فیس میں اضافے کی منظوری دی گئی اور نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔

اس اجلاس میں پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی جبکہ پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خودمختار بنانے کی بھی منظوری ہوئی۔

بی او جی اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے کے اضافے کی منظوری دی گئی جبکہ بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس اجلاس میں قائداعظم ٹرافی کے پلیئرز کے لیے میچ فیس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا جس کے مطابق کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی، ریزرو پلیئرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ویمنزون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، 12 مزید گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے اور ہیومن ریسورس کے لیے فنڈز مخصوص کرنے کی منظوری دی گئی۔

بی او جی اجلاس میں نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو میکینس مشین لگانے کے لئے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

مزید خبریں