June 08, 2026 | 09:59 am

اوپننگ بیٹر معاذ صداقت دو ہفتے کے لیے کرکٹ سے باہر

فوٹو اسکرین شاٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت لاہور کے ایک مقامی اسپتال میں اپنڈکس کی کامیاب سرجری کے بعد کم از کم دو ہفتے تک کرکٹ کی سرگرمیوں سے دور رہیں گے۔

پی سی بی کے مطابق معاذ صداقت اسی وجہ سے قذافی اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی20 کپ 2025-26 کے فائنل میچ سے بھی باہر ہوگئے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ آلراؤنڈر معاذ صداقت ہفتہ کی رات ایبٹ آباد اسکواڈ کے ساتھ ٹریننگ میں شریک ہوئے تھے، جہاں وہ فخر زمان کے متبادل کے طور پر شامل ہوئے تھے، تاہم اتوار کی صبح انہیں پیٹ کے نچلے حصے میں شدید درد کی شکایت ہوئی۔

پی سی بی کے مطابق طبی معائنے اور اسکینز کے بعد ڈاکٹروں نے پی سی بی میڈیکل ٹیم سے مشاورت کے بعد فوری طور پر آپریشن تجویز کیا گیا جس کے بعد اب معاذ صداقت کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے اور پی سی بی کی میڈیکل ٹیم ان کی نگہداشت کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ معاذ صداقت نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں اوپننگ بھی کی تھی۔