June 05, 2026 | 12:37 pm

پاکستان کا بھارت میں ہونیوالی ایشین فینسنگ چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

فائل فوٹو

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان نے بھارت میں ہونے والی ایشین فینسنگ چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کی تصدیق فیڈریشن کے سیکریٹری عثمان احمد نے کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق منتظمین نے بھارتی حکومت کی جانب سے کلیئرنس اور ویزوں کی گارنٹی نہیں دی لہٰذا پاکستان فینسگ فیڈریشن نے گارنٹی نہ دیئے جانے پر بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

منتظمین نے دیگر ممالک کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کلیئرنس کی دستاویزات بھی دیں ہیں جبکہ پاکستان کو تاحال ایسا کوئی ڈاکومنٹ موصول نہیں ہوسکا۔

پاکستان کے علاوہ تمام وفود کی منتظمین نے کلیئرنس حاصل کی ہیں جبکہ پاکستان کو منسٹری آف ہوم افیئرز سے رابطہ کرنے کا کہہ دیا ہے۔

پاکستان فینسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری عثمان احمد نے بتایا کہ بھارتی فینسنگ ایسوسی ایشن اور آرگنائزنگ کمیٹی سے دو مرتبہ رابطہ کیا اور ہم نے ان سے کلیئرنس کا پوچھا مگر ہمیں یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جواب دیا گیا کہ اس کا ہم کچھ نہیں کر سکتے، ہم ویزوں اور کلیئرنس کی گارنٹی نہیں دے سکتے۔

عثمان احمد نے کہا کہ منتظمین نے اب تمام ممالک کی گارنٹی لی اور سب کے نام جاری کیے لیکن ہمارے کیس میں ایسا نہیں ہوا۔ ایشین فینسنگ چیمپئن شپ 18 سے 24 جون تک نئی دہلی میں شیڈول ہے۔