June 05, 2026 | 10:35 am

پرو ہاکی لیگ سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کو بڑا دھچکا، دو اہم کھلاڑی باہر

فائل فوٹو

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔  پرو ہاکی لیگ سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے کیونکہ قومی ٹیم کے دو اہم کھلاڑی  اسٹرائیکر حنان شاہد اور ڈیفینڈر سفیان خان انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ منظور الحسن سینئر نے دونوں کھلاڑیوں کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حنان شاہد ہیم اسٹرنگ انجری جبکہ سفیان خان گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں۔

منظور الحسن سینئر کے مطابق ایونٹ سے باہر ہونے والے دونوں کھلاڑیوں کی جگہ عبدالمنان اور بشارت علی کو قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں کھلاڑی پہلے ہی شارٹ لسٹ کھلاڑیوں میں شامل تھے اس لیے متبادل کے طور پر ان کا انتخاب کیا گیا۔

پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کو بیلجئیم اور اسپین کے خلاف میچز کھیلنے ہیں اور پاکستان نے بیلجئیم کے بعد انگلینڈ میں پروہاکی لیگ کھیلنا ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کا اسکواڈ 9 جون کی شام لاہور سے کراچی پہنچے گا جبکہ 10 جون کو بیلجئیم کے لیے روانہ ہوگا۔