May 21, 2026 | 09:22 am

ہم نے رنز کرنے ہیں نڈر اور جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہے: وہاب ریاض

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ہمارا پیغام واضح ہے کہ ہم نے رنز کرنے ہیں نڈر اور جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہے اور اس کے مطابق ہم تیاری کر رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی، ریکارڈز سوچ کر نہیں بنائے، ابھی ہم ٹیم بنانے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور نے کہا کہ ورلڈ کپ کوئی بھی ہو تین چار پلیئرز کو ایک ساتھ اچھا کھیلنا ہے، انفرادی پرفارمنس سے ہم نتائج حاصل نہیں کر سکتے، کسی ایک پلیئر سے ٹیم نہیں بنتی ٹیم کمبی نیشن سے بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں اسکلز اور ٹیلنٹ ہے پوری ٹیم ٹرمپ کارڈ ہے، ہم ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں صلاحیت ہے پلان کے مطابق کھیلنا ہو گا، ڈاٹ بالز کم کرنے کے لیے بڑی محنت کی ہے۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ بھارت سے میچ ہمیشہ دباؤ والا ہوتا ہے ہم نے اٹیک کرنا ہے اور کوئی بھی ٹیم ہو  ہم نے اسی انداز سے کھیلنا ہے۔

مینٹور قومی ویمن ٹیم کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف رنز کرنے سے کھلاڑیوں کو اعتماد ملا ہے اب آئر لینڈ میں سہ ملکی سیریز بڑی اہم ہے، پاکستان کی ٹیم مینز ہو یا ویمنز جب ہار رہی ہو تو اثر پڑتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وہاب ریاض نے کہا کہ سدرا امین کے نہ ہونے کا سلیکٹرز بتا سکتے ہیں، سدرا امین اچھی کھلاڑی ہیں ان کی زیادہ پرفارمنسز ون ڈے کرکٹ میں ہیں۔