سلہٹ ٹیسٹ: آخری دن کا آغاز، پاکستان کو جیت کیلئے 121 رنز درکار
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سلہٹ کے مقام پر جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن کا آغاز ہوچکا ہے جہاں مہمان ٹیم کے 7 کھلاڑی آؤٹ پر 316 رنز بن چکے ہیں۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے محمد رضوان 75 اور ساجد خان 8 رنز کے ساتھ دن کا آغاز کررہے ہیں، بنگلا دیش کو جیت کے لیے 3 وکٹیں درکار ہیں جبکہ پاکستان کو جیت کے لیے 121 رنز کی ضرورت ہے۔
چوتھے دن کے اختتام پر بیٹنگ کوچ اسد شفیق کا کہنا تھا کہ امید ہے محمد رضوان اور ساجد خان ٹیم کو ہدف تک پہنچائیں گے ۔
یاد رہے کہ چوتھے دن کا آغاز پاکستانی اوپنر اذان اویس اور عبد اللہ فضل نے کیا مگر 27 کے مجموعی اسکور پر عبد اللہ فضل 6 رنز بنا کر ناہید رانا کا شکار ہوئے اس کے بعد اذان اویس 41 کے مجموعی اسکور پر صرف 21 رنز کی اننگز کھیل سکے اور مہدی حسن میراز کی گیند پر ایل بی ڈبلو ہوگئے۔
پاکستان ٹیم کو تیسرا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جب ٹیم کا مجموعی اسکور 133 تھا ایسے میں بابراعظم 47 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد سعود شکیل 154 کے ٹوٹل پر صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کچھ تھوڑی بہت مزاحمت کرتے نظر آئے مگر 162 کے مجموعی اسکور پر 71 رنز کی اننگز کھیل کر وہ تیج السلام کا شکار بن گئے اور ڈگ آؤٹ کی جانب لوٹے اور یہاں پاکستان کی آدھی ٹیم ناکام ہوگئی۔
ایسے میں لڑکھڑاتی پاکستان بیٹنگ لائن کو سلمان علی آغا نے 71 رنز کا سہارا دیا مگر وہ 296 کے مجموعی اسکور پر تیج السلام کی گیند پر بولڈ ہوگئے، حسن علی نے 6 گیندوں کا سامنا کیا مگر بغیر کسی اضافے کے چلتے بنے۔
سلہٹ ٹیسٹ کی ابتداء سے بات کی جائے یہاں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر میزبان بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں ہوم ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنا دئے، یہ اسکور بظاہر آسان نظر آرہا تھا مگر پاکستانی بیٹرز بنگلادیشی بولنگ کے آگے بے بس نظر آئے اور 232 رنز میں آل آؤٹ ہوگئے یوں بنگلا دیش کو 46 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
بنگلا دیش کی جانب سے پہلی اننگز میں وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس 126 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، انہوں نے 159 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 16 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس نے 3 اور حسن علی کے حصے میں 2 وکٹ آئی، ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
دوسری جانب پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے بابراعظم 68 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، انہوں نے 10 چوکے مارے، جبکہ اسپنر ساجد خان 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 38 رنز بناکر دوسرے ٹاپ اسکورر رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے دوسری اننگز میں مشفیق الرحیم نے سب سے زیادہ 137 رنز بنائے جبکہ لٹن داس نے 69 اور محمود الحسن جوئے نے 52 رنز اسکور کیے۔
بنگلا دیش کی دوسری اننگز میں خرم شہزاد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ساجد خان 3 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور حسن علی سمیت محمد عباس نے بالترتیب 2 اور 1 وکٹ اپنے نام کی۔
بنگلادیشی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے تیسرے دن 390رنز بنا کر 46 رنز کی سبقت کے ساتھ 437 رنز کا ہدف پاکستان کے لیے اسکور بورڈ پر سجا دیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر ہم 2 دن مسلسل بیٹنگ کریں تو ہمارے پاس موقع ہے کہ میچ جیت سکتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ذہنی طور پر ہدف حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں اور کوشش بھی کریں گے، 437 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے دو سے تین اچھی پارٹنرشپ لگنی چاہئیے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ میر پور، ڈھاکا میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا اب قومی ٹیم کی سلہٹ میں جیت کی جانب جدوجہد جاری ہے۔
-
ارجنٹینا میں کن فٹبال شائقین کو مفت ٹی وی دینے کی پیشکش کی گئی؟
-
سری لنکا اے سے شکست کے بعد بھارتی ٹیم آپے سے باہر
-
محمد یوسف بچوں کو بیٹنگ ٹپس دینے لگے
-
فیفا ورلڈ کپ: دورانِ میچز اسٹیڈیم میں صرف ایرانی سرکاری پرچم لہرانے کی اجازت
-
فیفا ورلڈ کپ: ایران اور نیوزی لینڈ کا میچ ڈرا ہو گیا
-
کیپ ورڈی کے گول کیپر دیوار بن گئے، اسپین پہلی مرتبہ ورلڈکپ کھیلنے والی ٹیم کو نہ ہراسکا
-
پی سی بی نے بہاولپور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کا الیکشن منسوخ کردیا
-
سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے میڈیکل فٹنس ضروری ہے: محسن نقوی
-
پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹس میں بڑی تبدیلیوں کااعلان کردیا
-
فیفا ورلڈ کپ: جاپانی فینز نے اسٹیڈیم کی صفائی کرکے ایک بار پھر اعلیٰ مثال قائم کردی
-
فیفا ورلڈ کپ: سویڈن کی تیونس کے خلاف شاندار فتح، پانچ گول داغ دیے
-
فیفا ورلڈ کپ: جاپان، نیدرلینڈز کا مقابلہ ڈرا، آئیوری کوسٹ کامیاب