May 18, 2026 | 10:14 am

مائیکل وان کی جوفرا آرچر کو آئی پی ایل جاری ر کھنے کی اجازت دینے پر کڑی تنقید

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ سابق کپتان مائیکل وان نے انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو آئی پی ایل جاری رکھنے کی اجازت دینے پر کئی سوالات اٹھا دیے۔

مائیکل وان ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے بورڈ پر برس پڑے اور کہا کہ انگلینڈ کی اہم ٹیسٹ سیریز شروع ہو رہی ہے اور جوفرا آرچر بھارت میں رہیں گے اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی بورڈ اور ای سی بی کے درمیان کچھ معاملات طے ہوئے ہیں۔

مائیکل وان نے جوفرا آرچر کو آئی پی ایل جاری ر کھنے کی اجازت دینے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی سینٹرل کنٹریکٹڈ کھلاڑی فرنچائز کرکٹ کو نیشنل ڈیوٹی پر ترجیح دے سکتا ہے، معاملات طے ہونے کی وجہ سے ہی کچھ کھلاڑیوں کو آئی پی ایل جاری رکھنے کی اجازت ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی بی نے جوفرا آرچر کے بارے کہا کہ وہ آئی پی ایل جاری رکھیں گے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں۔

مائیکل وان نے کہا کہ ای سی بی نے برسوں سینٹرل کنٹریکٹ دے کر جوفرا آرچر کو سپورٹ کیا ہے، نیشنل ڈیوٹی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

انگلش ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ کرکٹرز کے مالی اور پیشہ ورانہ طور پر بہت اچھی ہے مگر ٹیسٹ کرکٹ کو ڈومیسٹک کرکٹ لیگ کے پیچھے نہیں دھکیلا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اگر چاہتا کہ کھلاڑی آئی پی ایل کھیلیں تو پھر شیدول ایسا بنائیں کہ متصادم نہ ہو۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 جون سے لارڈز کے میدان میں شروع ہو گا۔