May 06, 2026 | 01:09 pm

ہم صرف اس ٹیسٹ سیریز کو نہیں بلکہ ٹیسٹ چیمپئین شپ کو دیکھ رہے ہیں: شاہین آفریدی

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم صرف اس ٹیسٹ سیریز کو نہیں بلکہ ٹیسٹ چیمپئین شپ کو دیکھ رہے ہیں کیونکہ ہمارا ٹارگٹ یہ ہے کہ ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں کیسے پہنچنا ہے۔

بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ہمارا سو فیصد ٹارگٹ فائنل کھیلنا ہے اور اس کے لے ہم نے بہترین کرکٹ کھیلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کے لیے منتظر ہیں کیونکہ ٹیسٹ ہمارے لیے بڑے اہم ہیں، ٹیسٹ کا ہمارے لیے بڑا لمبا سیزن ہے اور شاید ایسا پہلی بار ہو رہا ہے۔

شاہین آفریدی نے امید ظاہر کی کہ کنڈیشنز ہمارے لیے اچھی ہوں گی اور ہم بہترین کرکٹ کھیلیں گے، ہر ٹیم اپنی کنڈیشنز میں ٹف ہوتی ہے لیکن دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ آپ نے اپنی تیاری کیا کی ہے۔

قومی فاسٹ بالر نے کہا کہ بنگلا دیش نے پہلے یہاں جو میچز جیتے ہیں وہ اسپن ٹریک پر جیتے ہیں اور جو بھی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر کھیلتی ہے وہ اپنی کنڈیشنز کا استعمال کرتی ہے۔

شاہین شاہ نے کہا کہ ہم نے اسپنرز کے لیے اپنی کنڈیشنز استعمال کی ہیں، ہم نے ہر طرح سے تیاری کر رکھی ہے ، گرین وکٹ ہے اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ جمعے سے میرپور ڈھاکا میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 16 مئی سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔