April 16, 2026 | 03:11 pm

اسلام آباد یونائیٹڈ مضبوط پوزیشن کے لیے پر امید ہے: فہیم اشرف

فہیم اشرف جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے

رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں جہاں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے وہیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اس ٹورنامنٹ کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک گیم چینجر پلیٹ فارم قرار دیا ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فہیم اشرف نے اپنی ٹیم کی موجودہ کارکردگی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مضبوط کلچر، پی ایس ایل کے معیار اور نوجوان کھلاڑیوں کے مستقبل پر تفصیلی بات کی۔

فہیم اشرف نے تسلیم کیا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی موجودہ کارکردگی مکمل طور پر مثالی نہیں رہی، ٹیم نے کچھ اہم مواقع ضائع کیے جن کا نقصان انہیں پوائنٹس ٹیبل پر ہوا تاہم ٹیم اب بھی مضبوط پوزیشن کے لیے پر امید ہے۔

فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنی ٹیم کو دیکھیں تو ہم مطمئن بھی ہیں اور نہیں بھی ایک میچ ہمارا واش آؤٹ ہو گیا اور دو میچ ہم ہار گئے جو ہمیں نہیں ہارنے چاہئیے تھے، اگر آپ ہارتے بھی ہیں تو کم از کم مارجن سے ہاریں تاکہ غلطیوں سے سیکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کا بنیادی ہدف اب ٹاپ فور میں جگہ بنانا ہے اور اس کے بعد اگر موقع ملا تو ٹاپ ٹو کے لیے بھی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

فہیم اشرف نے پی ایس ایل کو اپنی زندگی اور کیریئر کا ایک اہم موڑ قرار دیا اور کہا کہ یہ لیگ کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں شناخت فراہم کرتی ہے۔

ان کے مطابق پی ایس ایل نہ صرف پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ ہے بلکہ دنیا کی بہترین لیگز میں شمار ہوتی ہے جہاں ہر میچ میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا یہاں جو بھی کھلاڑی پرفارم کرتا ہے اسے کہیں نہ کہیں ضرور موقع ملتا ہے، چاہے پاکستان ٹیم ہو یا بیرون ملک لیگز یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو آپ کے کیریئر کو فاسٹ ٹریک کرتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پی ایس ایل صرف نوجوانوں کے لیے نہیں بلکہ سینئر کھلاڑیوں کے لیے بھی انتہائی اہم ہے کیونکہ ایک اچھی کارکردگی کھلاڑی کی پوری پہچان بدل سکتی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ماحول پر بات کرتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ ٹیم کی سب سے بڑی طاقت اس کا مثبت کلچر اور مضبوط کور سسٹم ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرنچائز کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ہر کھلاڑی کو برابر موقع اور عزت دی جاتی ہے چاہے وہ نیا کھلاڑی ہو یا تجربہ کار پلیئر ہو۔

فہیم اشرف نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ٹیم اپنا کور گروپ برقرار رکھتی ہے، جونیئر ہو یا سینئر سب کے ساتھ ایک جیسا رویہ رکھا جاتا ہے، یہی چیز ٹیم کو مضبوط بناتی ہے اور یہی ٹیم اسپرٹ اسلام آباد یونائیٹڈ کو دیگر ٹیموں سے مختلف اور زیادہ کامیاب بناتی ہے۔

دنیا بھر میں کرکٹ کھیلنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار بہت بلند ہے، خاص طور پر بولنگ کا معیار دیگر لیگز کے مقابلے میں زیادہ سخت اور مؤثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں سخت مقابلہ ہوتا ہے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں میں کھلاڑیوں کو مسلسل خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے۔

قومی آلراونڈر نے کہا کہ اگر آپ دنیا کی تمام لیگز دیکھیں تو پی ایس ایل کئی لحاظ سے بہتر ہے، خاص طور پر بولنگ اور فیلڈنگ کے معیار میں یہ لیگ نمایاں ہے۔

فہیم اشرف نے واضح کیا کہ ان کے لیے ذاتی کارکردگی سے زیادہ ٹیم کی کامیابی اہم ہے، وہ کبھی بھی ذاتی ریکارڈز یا ٹاپ پرفارمر بننے کے بجائے ٹیم کی جیت کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا ہمیشہ ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ میری ٹیم جیتے اگر میں چھوٹا سا بھی کردار ادا کر سکوں تو وہی میری کامیابی ہے۔

فہیم اشرف کے مطابق پی ایس ایل نئے ٹیلنٹ کے لیے ایک نرسری کی حیثیت رکھتا ہے جہاں سے ہر سال باصلاحیت کھلاڑی سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈر 19 اور ڈومیسٹک کرکٹ سے آنے والے کھلاڑی اب پی ایس ایل میں اپنی صلاحیتیں منوا رہے ہیں اور مستقبل میں یہ کھلاڑی پاکستان ٹیم کا حصہ بھی بن سکتے ہیں۔

فہیم اشرف نے نوجوان کرکٹرز کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا راز صرف اور صرف محنت اور فوکس ہے، پی ایس ایل میں شریک ینگسٹرز کے نام پیغام دیتے ہوئے فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ کرکٹ پر فوکس رکھیں، کبھی دھیان نہ ہٹائیں اور پاکستان کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں۔