April 10, 2026 | 08:27 am

یووراج سنگھ نے اپنے کینسر کی بیماری سے لڑنے کی روداد سنا دی

سابق بھارتی آلراؤنڈر یووراج سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ 2011 ورلڈ کپ جیتنے کے فوراً بعد ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ اگر فوری کیموتھراپی نہ کروائی تو ان کے پاس صرف تین سے چھ ماہ کی زندگی باقی رہ جائے گی۔

بھارتی رپورٹ کے مطابق یووراج سنگھ نے بتایا کہ وہ 2011 ورلڈ کپ کے دوران شدید تکلیف کے باوجود کھیلتے رہے اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے، تاہم اس دوران ان کی صحت مسلسل خراب ہوتی جا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھے اور گنگولی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں مستقل جگہ کے منتظر تھے، لیکن بیماری نے انہیں اندر سے توڑ دیا۔

یووراج نے کہا کہ دہلی میں ان کے ڈاکٹر نے انہیں واضح طور پر صورتحال بتائی کہ ٹیومر دل اور پھیپھڑوں کے درمیان ہے، اگر آپ نے علاج نہ کروایا تو دل کا دورہ پڑ سکتا ہے اور آپ کے پاس صرف تین سے چھ ماہ ہیں، بعد ازاں یووراج علاج کے لیے امریکہ گئے جہاں ان کا علاج ہوا۔

بھارتی رپورٹ کے مطابق یووراج سنگھ نے کہا کہ جسمانی علاج کے مقابلے میں ذہنی جنگ زیادہ مشکل تھی، اس دوران انیل کمبلے اور سچن ٹنڈولکر نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کی۔

واضح رہے کہ یووراج سنگھ نے کامیاب علاج کے بعد صرف چھ ماہ میں کرکٹ میں واپسی کی اور 2012 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی بھی دکھائی۔