March 14, 2026 | 08:55 am

مہدی حسن کی جانب سے رن آؤٹ کئے جانے پر سلمان علی آغا کا بیان

پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میں متنازع رن آؤٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ مخالف کھلاڑی کی جگہ ہوتے تو اس صورتحال میں مختلف فیصلہ کرتا۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ کے دوران بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے آغا سلمان کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کردیا تھا جس پر پاکستانی بیٹر نے میدان میں سخت ردعمل دیا تھا۔

بنگلا دیش کے خلاف 39 ویں اوور میں سلمان علی آغا 62 گیندوں پر 64 رنز بنا کر کھیل رہے تھے جب محمد رضوان نے گیند سیدھی بولر کی جانب کھیلی، اس دوران آغا کریز سے باہر تھے اور بولر کو گیند دینا چاہی مگر مہدی حسن اسپورٹس مین اسپرٹ بھول گئے اور فوراََ گیند اٹھا کر وکٹوں پر دے ماری۔

پویلین لوٹتے ہوئے سلمان علی آغا نے شدید غصے کا اظہار کیا جس پر بنگلا دیشی وکٹ کیپر لٹن داس بھی ناراض دکھائی دیے لیکن محمد رضوان ، امپائر اور ساتھی کھلاڑیوں نے اُنہیں سمجھا بجھا کر اُن کا غصہ ٹھنڈا کیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں آغا سلمان نے کہا کہ قانون کے مطابق یہ رن آؤٹ درست تھا لیکن ان کے خیال میں اس موقع پر اسپورٹس مین اسپرٹ کو ترجیح دینی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس صورتحال میں ہوتے تو شاید مختلف فیصلہ کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگا تھا گیند پیڈ اور بیٹ سے لگنے کے بعد ڈیڈ ہوچکی ہے، اسی لیے وہ گیند ڈیڈ سمجھ کر واپس دینے کی کوشش کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ اس میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستان نے 47.3 اوورز میں 274 رنز بنائے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ جاری تھی کہ بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔

بارش کے بعد میچ شروع ہوا تو بنگلادیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم 23.3 اوورز میں 114 رنز بنا سکی اور پاکستان ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 128رنز سے فتحیاب ہوا۔ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔