March 14, 2026 | 08:11 am

فاسٹ بولر زمان خان کی پی ایس ایل میں شرکت مشکوک

زمان خان نیشنل ٹی 20 کے دوران ایکشن میں / فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان کے فاسٹ بولر زمان خان کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

زمان خان نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے۔ وہ پشاور اور فیصل آباد کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق زمان خان کے کندھے کا جوڑ اتر گیا ہے اور انہیں لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بورڈ کے مطابق پی سی بی کا میڈیکل پینل زمان خان کی ریکوری اور ری ہیب کا جامع پلان ترتیب دے گا۔

ابتدائی اندازے کے مطابق فاسٹ بولر کی مکمل فٹنس بحال ہونے میں چار سے چھ ہفتے لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ زمان خان کو آئندہ پاکستان سپر لیگ کے لیے راولپنڈی کی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم انجری کے باعث ان کی شرکت اب غیر یقینی ہو گئی ہے۔