March 12, 2026 | 12:18 pm

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کو ری شیدول کرنے کیلئے بات چیت جاری

رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان اور زمبابوے کرکٹ بورڈز کے درمیان وائٹ بال سیریز کو ری شیدول کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

اس بارے میں ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور دورہ بنگلا دیش کی وجہ سے سیریز کو ری شیڈول کیا جا رہا ہے۔

فیوچر ٹور پروگرام ( ایف ٹی پی) کے تحت زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان اپریل مئی میں شیدولڈ ہے جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں مگر ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان زمباوے وائٹ بال کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق نہیں ہو گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان رواں برس کے آخر میں سیریز کے لیے ونڈو نکالنے پر بات چیت ہو رہی ہے اور ممکنہ طور پر وائٹ بال سیریز کو اآئند ہ برس کے لیے بھی ری شیڈول کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اپریل میں پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ہو رہا ہے اور مئی میں پاکستان نے بنگلا دیش کا دورہ کرنا ہے، پاکستان ٹیم نے بنگلا دیش میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

بنگلا دیش میں پاکستان کی ٹیسٹ سیریز کا اختتام 20 مئی کو ہو گا اور پھر مئی کے آخر میں آسٹریلیا نے پروگرام کے مطابق ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس میں تین ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول ہے۔