March 07, 2026 | 01:23 pm

ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فائنل آج ہوگا

ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر کے فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستان ہاکی ٹیم نے سیمی فائنل میں جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا جو رواں سال 14 اگست سے بیلجیم اور نیدر لینڈ میں شروع ہوگا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے آخری بار 2018 میں ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی، جس کے بعد اب ٹیم ایک بار پھر عالمی ایونٹ میں کھیلنے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

ایونٹ میں پاکستان اور انگلینڈ دونوں ٹیمیں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہیں، جس کے باعث فائنل ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ہاکی شائقین کی نظریں اب اس اہم میچ پر مرکوز ہیں جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔