March 07, 2026 | 09:23 am

چاند گرہن سے ہوٹل تک، ٹی 20 فائنل سے پہلے بھارتی ٹیم کی توہم پرستی کی کہانی

رپورٹ؛ سہیل عمران۔۔۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم توہم پرستی اور وہم کا شکار دکھائی دے رہی ہے اور ٹیم نے احمد آباد میں اپنا ہوٹل تبدیل کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے اس ہوٹل میں قیام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ٹیم 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران ٹھہری تھی۔ اس میچ میں بھارت کو آسٹریلیا کے 6 وکٹوں سے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر گزشتہ شکست کے باعث ٹیم نے ہوٹل تبدیل کیا ہے جسے بعض حلقے حد سے زیادہ توہم پرستی اور وہم قرار دے رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم کے اسپورٹ اسٹاف کا ایک اہم رکن ہر وینیو پر ٹیم کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی مانگتے ہیں جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ ٹیم کو کامیابی دلانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے تاہم ہوٹل کی تبدیلی کے حوالے سے باضابطہ طور پر نہیں بتایا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹیم اب اس ہوٹل میں رہائش پذیر نہیں جہاں رہتے ہوئے اسے 2023 ورلڈ کپ کے فائنل اور حال ہی میں سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 76 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

بھارتی رپورٹ میں پچ کے حوالے سے بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم کا ممکنہ طور پر ریڈ پچ پر فائنل کھیلنے کا امکان ہے کیونکہ دو ہفتے قبل احمد آباد میں بلیک پچ پر اسے ساوتھ افریقہ سے شکست ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ احمد آباد میں وینیو پر ریڈ پچ بلیک پچ اور ریڈ اور بلیک مٹی کے مکسچر کی پچز دستیاب ہیں، ممبئی میں کھیلا گیا سیمی فائنل ریڈ مٹی کی پچ پر ہوا تھا جہاں بھارتی بیٹنگ لائن اپ نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد کے وینیو کو انڈیا ٹیم کے لئے ان لکی قرار دیا جاتا ہے اس لیے احمد آباد کے وینیو پر اب بھارتی ٹیم کے لیے منظر نامہ تبدیل کر کے قسمت تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بھارتی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر بھارتی ٹیم ہوم ٹیم کے ڈریسنگ روم کی بجائے مہمان ٹیم کے ڈریسنگ روم کا انتخاب کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے بھارتی میڈیا سے یہ رپورٹ بھی سامنے آئی تھی کہ بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل سے قبل ممبئی میں اپنا ٹریننگ سیشن چاند گرہن کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے تقریباً 45 منٹ تاخیر سے شروع کیا تھا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کل احمد آباد میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔