March 07, 2026 | 08:34 am

نیشنل ٹی20 کپ 2026 کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان، ٹورنامنٹ آج سے شروع

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ٹی20 کپ 2026 کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے۔ دس ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 7 مارچ سے 18 مارچ تک کھیلا جائے گا۔

کمنٹری پینل میں سابق قومی کپتان سلمان بٹ شامل ہیں اور ان کے ساتھ سابق قومی کرکٹر ایمن انور بھی کمنٹری ٹیم کا حصہ ہوں گی دیگر مبصرین میں علی یونس، شاہ فیصل، راجہ اسد اور عمران اللہ شامل ہیں۔

اس 12 روزہ ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں دس ریجنل ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ دفاعی چیمپئن لاہور بلیوز کو گروپ بی میں ایبٹ آباد، کراچی بلیوز، ملتان اور سیالکوٹ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی دن دو گروپ اے میچز پر مشتمل ہوگا۔ پہلے میچ میں لاہور وائٹس اور پشاور کی ٹیمیں شام 4 بج کر 15 منٹ پر مدِمقابل ہوں گی، جبکہ دوسرا میچ فیصل آباد اور کراچی وائٹس کے درمیان رات 9 بج کر 15 منٹ پر کھیلا جائے گا۔ بہاولپور گروپ اے کی پانچویں ٹیم ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ٹی20 کپ 2026 کے لیے انعامی رقم کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

اعلان کے مطابق ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

انفرادی کارکردگی پر بھی کھلاڑیوں کو انعامات دیے جائیں گے۔ بہترین بلے باز، بہترین بولر، بہترین وکٹ کیپر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو ایک، ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

اسی طرح ہر میچ کے بہترین کھلاڑی (پلیئر آف دی میچ) کو 25 ہزار روپے دیے جائیں گے، جبکہ فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق انعامی رقم کا مقصد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مقابلے کو مزید دلچسپ بنانا ہے۔