February 13, 2026 | 02:06 pm

ٹی 20 ورلڈکپ: زمبابوے نے آسٹریلیا پر ہاتھ صاف کرلیا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری فتح حاصل کرلی۔

کولمبو میں کھیلے جارہے آج کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں زمبابوے نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے اوپننگ بیٹر برائن بینٹھ نے 56 گیندوں کی بدولت 7 چوکے لگاتے ہوئے 64 رنز کی اننگز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان سکندر رضا 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹونس اور کیمرون گرین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلوی ٹیم 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مشکلات میں گھری رہی اور صرف 146رنز پر 19.3 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔

زمبابوے کی جانب سے مزاربانی نے 4 کھلاڑیوں کی وکٹ حاصل کی جبکہ برائڈ ایونس نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، مساکدزا اور ریان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ گروپ بی میں شامل زمبابوے نے اپنے پہلے میچ میں عمان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، ایونٹ میں زمبابوے کی ٹیم اپنا اگلا میچ 17 فروری کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی اور آخری گروپ میچ 19 فروری کو سری لنکا سے میچ شیڈول ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم نے اپنے پہلے گروپ میچ میں آئرلینڈ کو 67 رنز سے شکست دی تھی مگر آج بڑا اپ سیٹ ہوا جس میں  زمبابوے کے ہاتھوں 23 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

ایونٹ میں آسٹریلوی ٹیم اپنا اگلا میچ 16 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی اور آخری گروپ میچ عمان کے خلاف 20 فروری کو کھیلا جائے گا۔